تعارف
PDF پرنٹ کریں ای-میل

پنجابی زبان کی پو ٹھوہاری بولی میں "موہڑہ" ایک چھوٹی سی آبادی کو کہتے ہیں۔ اللہ والوں کی برکت سے یہ چھوٹا سا گاؤں یمن و سعادت کا مرکز بنا ہوا ہے اور موہڑہ شریف کہلاتا ہے۔ دربارِ عالیہ موہڑہ شریف ضلع راولپنڈی میں کوہِ مری کے قریب واقع ہے۔ راولپنڈی سے بذریعہ کار یا لاری مری جائیں تو سنی بینک سے آگے کلڈنہ کے مقام پر پیر ہارون الرشید روڈ بائیں جانب نیچے اترتی ہے۔ قریباً چار میل پہاڑی علاقہ کے نشیب و فراز طے کرکے یہ سڑک دربار شریف پہنچ جاتی ہے۔ اگر کشمیری بازار کے راستہ سے بھوربن کی جانب جائیں تو بھوربن سے پہلے پیر ہارون الرشید روڈ بائیں جانب اترتی ہے جس پر قریباً پانچ کلومیٹر کی ڈھلوان طے کرکے منزلِ مقصود تک رسائی ہو سکتی ہے۔ سر سبز پہاڑوں میں اللہ والوں کی یہ بستی آباد ہے۔ قدرتی چشمے جاری ہیں۔ قریب ہی ایک پہاڑی ندی بہہ رہی ہے۔ زائرین کے آرام و آسائش کے لئے پہاڑی مقام کی رعایت کے پیشِ نظر نہایت عمدہ و مصفا مکانات بنے ہوئے ہیں۔ لنگر جاری ہے۔ مشتاقین کے زیادہ تعداد میں حاضر ہونے پر خیمے وغیرہ بھی نصب کر دئیے جاتے ہیں۔ ہر وقت ذکر و فکر کی محافل آراستہ رہتی ہیں۔ ایک مقامِ "ھُو" ہے جہاں جنگل اور پہاڑ گلستانِ معرفت بنے ہوئے ہیں۔ غوث الامت حضرت خواجہ محمد قاسمؒ  اور غوث المعظم الحاج پیر نظیر احمدؒ کے مزارات زیارت گاہِ خاص و عام ہیں جن کی بدولت اللہ کریم نے موہڑہ شریف کو سرچشمہِ معرفتِ الٰہی بنایا ہوا ہے۔ سلسہِ نسبتِ رسولی  کی دولتِ لازوال طالبانِ حق کو روز و شب تقسیم ہو رہی ہے۔ اس وقت مرجعِ خلائق غوث الزماں اعلٰی حضرت الحاج پیر ہارون الرشید مد ظلہ تعالٰی مسندِ سجادگی پر فائض ہیں۔ مخلوقِ خدا بلا امتیاز رنگ و نسل آپ کے چشمہِ فیض سے سیراب و فیضیاب ہو رہی ہے۔ ماشاءاللہ۔ اس دربارِ عالی میں قرآنِ پاک اور سنتِ مطہّرہ کے احکام کے مطابق تبلیغِ دین حقّہ فرمائی جا رہی ہے اور مشرّع طریق پر اصلاحِ خلق اور درستئِ اخلاق ہو رہی ہے۔